لاہور : جماعت اسلامی کا لیاقت بلوچ کی قیادت میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرہ


لاہور: جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منصورہ کے سامنے ملتان روڈ پر ملک میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ‘ مہنگائی اور بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ مظاہرین نے پلے کارڈز او ربینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرہ تکبیر‘ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ ختم کرو‘ امریکی غلامی نامنظور‘ فوجی آپریشن بند کرو کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرین نے گیس‘ جنریٹر چلانے کی پابندی نامنظور اور اشتہار نذرآتش کیا۔ ریلی ملتان چونگی پہنچ کر بڑے جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ مظاہرین سے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ‘ پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ‘ امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم‘ ذکر اللہ مجاہد اور دیگر نے خطاب کیا۔ لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی ریلی‘ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے قومی وسائل کو کرپشن اور امریکا کی جنگ میں جھونک کر ملک کو کنگال کردیا ہے۔ مہنگائی‘ لوڈشیڈنگ‘ بدعنوانی نے قومی معیشت و صنعت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے‘ عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو صاف ستھری‘ دیانتدار قیادت کی فراہمی‘ لوڈشیڈنگ‘ مہنگائی ‘ کرپشن کے خاتمے‘ معیشت و صنعت کا پہیہ چلانے کے لیے بڑی تحریک شروع کردی ہے‘ عوام بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی‘ گیس‘ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار میں بیٹھے وزارتوں کے جھنڈے لہرانے والے مرکز و صوبہ کے حکمران امریکی چاپلوسی میں اکٹھے ہیں۔ اب ملک میں کسی آمر اور کرپٹ فرد کو شب خون نہیں مارنے دیں گے‘ ملک میں عوامی جدوجہد سے شاندار اسلامی انقلاب برپا ہوگا۔ جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے کہا کہ حکومت نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو عوام اقتدار چھوڑنے پر مجبور کردیں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم نے کہا کہ پورے ملک کے عوام لوڈشیڈنگ پر سراپااحتجاج ہیں لیکن حکمران گونگے‘ بہرے اور اندھے ہوچکے ہیں۔ہزاروں افرا د کا مظاہرہ روشن صبح کی نوید ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سوال کرتے ہیں کہ وزیراعظم‘ صدر‘ وزراءہاﺅسز میں لوڈشیڈنگ کیوں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت کو ٹیکس دیتے ہیں حکومت سہولتیں دے‘ ناجائز غیر آئینی پابندیاں قبول نہیں کریں گے۔

0 comments:

Post a Comment