لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی توعوام سڑکوں پرہوں گے‘شباب مل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شباب ملی کراچی کے صدرمحمد یوسف منیرنے اعلانیہ اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں ہونیوالے اضافے کے خلاف اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ مسلسل لوڈ شیڈنگ نے کراچی کے شہریوں کے اعصاب شل کردیے ہیں، کے ای ایس سی نے عوام کے صبر کاامتحان لینا بند نہ کیا تو شہری سراپا احتجاج بن جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں کئی سالوں سے شہری بد ترین لوڈ شیڈنگ کے عذاب میںمبتلا ہیں، سابق حکمرانوںکی طرح موجودہ حکمران بھی صرف لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کررہے ہیں عملاً لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جارہا ‘ بجلی کا بحران اس قدر شدت اختیار کرگیا ہے کہ معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ‘ وفاق ‘ صوبے اور شہر میں نمائندگی اور حکومت کاحصہ ہونے کے باوجود ایم کیوایم نے کراچی کے عوام کے دیرینہ مسئلے کو حل نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایم کیوایم کا کوئی اپنا مسئلہ ہو تو وہ حکومت سے نکلنے کی دھمکی دے کر اپنے مطالبات حکومت سے منظور کروالیتی ہے مگر عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملاً کوئی قدم نہیں اٹھاتی۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی بندش کی وجہ سے نہ صرف یہ کہ روز مرہ کے معمولات متاثر ہوئے ہیں بلکہ صنعتی اور اقتصادی پہیہ بھی جام ہورہا ہے ۔ کئی چھوٹی صنعتیں بند ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں اوریہ سلسلہ تاحال جاری ہے ۔ محمد یوسف منیر نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی ‘ ٹھوس ‘ سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے اور کے ای ایس سی سے ساہو کاروں کو نہ نکالا گیا تو صورتحال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔

0 comments:

Post a Comment