حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوگئی‘ یوسف منیر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں پے در پے لوٹ مار، چوری، ڈکیتی اور کھلے عام ڈاکا زنی کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شباب ملی کراچی کے صدر محمد یوسف منیر نے شہر کے مختلف علاقوں سے شباب ملی سیکرٹریٹ میں آئے ہوئے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، شباب ملی کراچی کے نائب صدر رانا انور غنی، جنرل سیکرٹری عبدالحلیم بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے۔ محمد یوسف منیر نے کہا کہ پولیس عوام کو تحفظ دینے کے بجائے مجرموں کو کھلی چھوٹ فراہم کیے ہوئے ہے۔ محمد یوسف منیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ پولیس ناکے اور گشت کے باوجود وارداتوں میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر طمانچہ حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ محمد یوسف منیر نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ تھانوں کے ذمہ داران ڈبل سواری کے نام پر بے جا تنگ کرنے کے بجائے اصل مجرموں کو گرفتار کریں۔ پولیس نے روش نہ بدلی تو شباب ملی کے کارکنان سڑکوں پر آجائیں گے۔

0 comments:

Post a Comment