ڈبل سواری پر پابندی اور مہنگائی کیخلاف شباب ملی کے ریفرنڈم کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مہنگائی‘ بیروزگاری ‘ لوڈشیڈنگ‘ ڈبل سواری پرپابندی کے خلاف شباب ملی کراچی نے مہم کاآغاز کرتے ہوئے شہر بھر میں پہلے مرحلے میں ریفرنڈم سے شہر بھر کی عوام سے رائے طلب کرلی۔ اس سلسلے میں پہلا عوامی ریفرنڈم کیمپ ضلع غربی شیر شاہ میں لگایاگیا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں ریفرنڈم میںحصہ لیا ۔ اس موقع پر شباب ملی شیر شاہ زون کے صدر عبدالقیوم اورزونل ذمہ داران عابد قیوم‘اسرار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے صدر شباب ملی کراچی محمد یوسف منیر نے کہاکہ ملک بھر میں مسائل کے حل کیلئے جس عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے یہ بہت جلد حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرائے گی۔ شباب ملی جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر ملک سے مہنگائی ‘بے روزگاری‘لوڈ شیڈنگ ‘ اورڈبل سواری پرپابندی کا خاتمہ کرکے دم لے گی ۔ انہوںنے مزید کہاکہ ملک میں اس وقت چوروں اورڈاکوﺅں کا راج ہے جو ہر روز عوام کوبے وقوف بنانے میں مصروف عمل ہیں۔ عوام اب بخوبی اپنے حکمرانوںکوپہچان چکے ہیں جو غریبوں کے نعرے بلند کرتے ہیں مگر اقتدار کے اعلی ایوانوںاور بیرون ملک بیٹھ کر عیاشی کی زندگی گزار ررہے ہیں۔ غریب عوام کو دو وقت کی روٹی میسرنہیں ‘ غربت کے ہاتھوںمجبور لوگ اپنے بچوںکو فروخت کرنے پرمجبورہوگئے ہیں جبکہ محلوںمیں بیٹھے ہوئے حکمران اپنے شاہانہ اخراجات کم کرنے کو تیارنہیں ہیں۔ حکمرانوں کے غلط اقدامات کی وجہ سے آج عوام غربت کی دلدل میںپھنس چکے ہیں ‘اور ان پرمزید بوجھ ڈالنے کیلئے طرح طرح کے ٹیکس لگائے جارہے ہیں۔اگر حکمرانوںنے اپنی روش نہ بدلی تو عوام کے غیض وغضب سے نہیں بچ سکیں گے۔محمد یوسف منیر نے کہاکہ شباب ملی شہر میں ڈبل سواری پرپابندی کے خاتمے کیلئے میدان عمل میںآچکی ہے اور بہت جلد کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ مل کر اس پابندی کو ختم کرکے دم لیا جائے گا۔

0 comments:

Post a Comment