عوام باشعور ہو چکے ہیں اب ان کو اندھیروں میں نہیں رکھا جا سکتا: حافظ سلمان بٹ

Haroon ur Rasheed is not a terrorist: Syed Munawar Hassan

ناظم اعلیٰ کی ایس ایم لاء کالج کے کتاب میلے میں شرکت

 
کراچی: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ سید عبدالرشید نے گزشتہ روز ایس ایم لاء کالج کے کتاب میلے کا افتتاح کیا اور لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ محترم نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین ساتھی ہے جو حالات سے آگاہ بھی کرتی ہے اور دنیا میں ترقی کی منزلیں طے کرنے کے لئے سمت کا بھی تعین کرتی ہے۔ اگر ہم کتاب سے اپنے ٹوٹے ہوئے رشتے کو دوبارہ جوڑ لیں تو یقیناََ دنیا میں ایک بار پھر عروج کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن عظیم الشان دنیا کی سب سے بلند پایہ اور قابل احترام کتاب ہے جس کو اللہ رب العالمین نے اپنے بندوں کی راہنمائی کے لئے نبی اکرم ﷺ کے ذریعے ہم تک پہنچایا۔ اس کتاب کا مطالعہ اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دنیا میں انسانوں کو دعوت کے ذریعے تبدیل کرنے کی ذمہ داری امت مسلمہ پر عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندلس کی تاریخ تعلیمی و تحقیقی میدان میں امت مسلمہ کی تابناک اور بے مثال دور سے عبارت ہے۔ یہ حقیقت اس بات کی غماضی ہے کہ علم ایک ایسا زیور ہے جس کے ذریعے انسان بھی تبدیل ہو سکتے ہیں اور معاشرہ بھی کامیابی کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جس دور سے گزر رہے ہیں اس کی بنیادی وجوہات میں اس بات کا تذکرہ بھی موجود ہے کہ ہم نے علم و تحقیق کے میدان میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں کی اور ہمارے نوجوانوں میں مطالعے کا انتہائی فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں کتاب میلوں کے ذریعے طلبہ میں مطالعے کے ذوق کو بیدار کرنا چاہتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے باوجود کتاب کی اہمیت کو آج بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اگر طلبہ کتاب کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کر لیں تو نہ صرف تعلیمی کیرئر بلکہ سوچ، فکر، نظریہ اور عمل کو بھی پروان چڑھانے میں مدد ملے گی۔