سیرت نبوی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے طاغوت کیخلاف میدان میں نکلنے کی ضرورت ہے: سید عبدالرشید

 لاہور:   اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ سید عبدالرشید نے ماہ ربیع الاول کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ماہ مبارک ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ نبی اکرمﷺ کی سنت کو زندہ کرتے ہوئے اگر آج بھی مسلمان متحد ہو جائیں اور طاغوت کے خلاف سینہ سپر ہو جائیں تو پوری دنیا پر اسلام کے غلبے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرمﷺ نے آج سے چودہ سو سال قبل عرب کے معاشرے میں جس انقلاب کی بنیاد رکھی تھی اس کے پس منظر میں قربانیوں اور رضائے الٰہی کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے کا جذبہ کارفرما تھا۔ صحابہ اکرام نے آپﷺ کی زیر قیادت مخلصانہ اور جانبازی کی عظیم مثالیں قائم کرتے ہوئے دنیا بھرمیں دین اسلام کے غلبے کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمان جس اذیت اور کٹھن دور سے گزر رہے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم نے نبی اکرمﷺ کی تعلیمات کو بھلا کر دنیا کو اپنی امیدوں کا مرکز و محور بنا لیا ہے۔ آپ سے عشق کے دعوے تہ کئے جاتے ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ان نعروں سے آگے بڑھتے ہوئے عملی میدان میں نکل کر سیرت رسول پر عمل پیرا ہوا جائے اور دنیا میں ایسی تبدیلی کے لئے اجتماعی کوششوں کا حصہ بنا جائے جس کو لے کر نبی اکرمﷺ مبعوث کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے تحت ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں سیرت النبی کے حوالے سے خصوصی پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا اور تعلیمی اداروں میں خصوصی مہمات کے ذریعے احادیث نبوی کو بڑی تعداد میں طلبہ تک پہنچایا جائے گا۔

0 comments:

Post a Comment